سیالکوٹ، باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض)صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیشن سنگھ اروڑہ نے اعلان کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر، پنجاب میں قیام پاکستان کے بعد بند پڑے 46 گردواروں کی بحالی کا منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں 70 سالوں سے بند گردوارہ بابے دی بیری صاحب کو کھول دیا گیا ہے، اور تالاب بابے کی بیر صاحب سے قبضہ ختم کروا کر اسے مقامی سنگت کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

یہ بات انہوں نے 12 سالانہ سماگم گردوارہ بابے دی بیری صاحب میں جاری بھوگ صاحب کی ارداس میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

صوبائی وزیر اقلیتی امور نے سکھوں کے مقدس تالاب بیری صاحب کو قبضہ مافیا سے واگذار کروانے پر وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ گردوارہ بیری صاحب کو سکھوں کا بین الاقوامی استھان بنانا چاہتے ہیں، تاکہ جب بھی سکھوں کی کوئی بین الاقوامی سنگت پاکستان آئے، تو وہ لاہور، نارووال، پنجہ صاحب یا ننکانہ صاحب کے ساتھ ساتھ سیالکوٹ میں بابا گرو نانک کی یادگار بیری صاحب گردوارہ پر بھی ماتھا ٹیکنے ضرور آئیں۔ اس سے سیالکوٹ میں مذہبی سیاحت کو فروغ ملے گا اور سیالکوٹ کی معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج 23 مارچ ہے، جس روز ایک ایسی فلاحی ریاست کے قیام کی قرارداد منظور کی گئی، جس میں مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کے وژن کے مطابق پاکستان میں اقلیت اور اکثریت میں کوئی فرق نہیں ہے۔ یہاں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگ وطن عزیز پاکستانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ارداس کے بعد ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے دعا کی جائے گی۔

بعد ازاں صوبائی وزیر رمیشن سنگھ اروڑا نے سنگتوں میں لنگر تقسیم کیا۔

Shares: