ڈسکہ (نامہ نگار ملک عمران) اینٹی ٹی بی ایسوسی ایشن تحصیل ڈسکہ کا 733 واں ماہانہ اجلاس اور ورلڈ ٹی بی ڈے کے حوالے سے اجلاس سینئر نائب صدر خان عباس خان کی صدارت میں ٹی بی کیئر سنٹر ڈسکہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ اور ادارہ کے صدر عثمان غنی بھی تشریف لائے اور اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ عبد الغفار نے حاصل کی۔ نعت رسول مقبول ﷺ حاجی ضرار احمد نے پیش کی۔ جنرل سیکرٹری چوہدری قطب الدین نے گزشتہ ماہانہ اجلاس فروری 2025 کی کارروائی پیش کی، جس کی متفقہ طور پر توثیق کر دی گئی۔ فنانس سیکرٹری محمد ارشد جاوید العزیز نے آمدن و اخراجات فروری 2025 کی رپورٹ پیش کی، جسے بعد از بحث منظور کر لیا گیا۔ نشرو اشاعت رپورٹ حاجی ضرار احمد نے پیش کی اور گزشتہ ماہانہ اجلاس کی شائع شدہ خبریں پڑھ کر سنائیں۔

صدر عثمان غنی کا ٹی بی کیئر سنٹر ڈسکہ کا یہ پہلا دورہ تھا، اس لیے تمام ممبران نے ان کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے پورے ہسپتال کا دورہ کیا اور تمام معاملات کا بغور جائزہ لیا۔ وارڈز میں جا کر مریضوں کی عیادت کی اور شجر کاری مہم کے تحت پودا لگایا۔ اجلاس میں انہوں نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اپنی مدد آپ کے تحت اتنا بڑا ادارہ دیکھ کر انہیں بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ اس نفسا نفسی کے دور میں آپ لوگ جو اس ادارے کے لیے بے لوث خدمت کر رہے ہیں اور اپنا وقت دے رہے ہیں، یہ قابل تعریف ہے۔ جنرل سیکرٹری چوہدری قطب الدین نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

تمام ممبران نے صدر عثمان غنی سے اپنا اپنا تعارف کروایا۔ ورلڈ ٹی بی ڈے کی مناسبت سے خان عباس خان نے صدر اور تمام ممبران کو ٹی بی کی بیماری کے متعلق بریفنگ دی۔ ادارے کے ایم ایس ڈاکٹر اصغر علی نے ٹی بی کے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے متعلق بتایا۔ اس کے بعد تمام ممبران نے ٹی بی آگاہی کے بارے میں واک بھی کی۔ دعائے خیر کے بعد اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

Shares: