ڈیرہ غازی خان (نیوز رپورٹر شاہد خان) کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری نے ڈیرہ غازی خان آرٹس کونسل میں منعقدہ فن خطاطی کی نمائش کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے فن خطاطی کی شاندار تاریخ کو سراہتے ہوئے نمائش میں رکھے گئے فن پاروں کو قابل تحسین قرار دیا۔ انہوں نے مونگ پھلی، بادام اور دیگر اشیاء پر کی گئی باریک خطاطی کی خصوصی تعریف کی۔

کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے فن خطاطی کو نئی نسل تک منتقل کرنے کے لیے ورکشاپس اور تربیتی پروگراموں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ڈیرہ غازی خان کے شہریوں سے بھی آرٹس کونسل آکر نمائش دیکھنے اور مقامی خطاطوں کی حوصلہ افزائی کرنے کی اپیل کی۔

اس موقع پر کمشنر اشفاق احمد چوہدری، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد اور دیگر مہمانوں کو فن پاروں کے تحائف بھی پیش کیے گئے۔ کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے آرٹس کونسل میں ٹی ہاؤس کی جلد تکمیل کے لیے اقدامات کرنے کا بھی اعلان کیا، جہاں شعراء، ادیب اور فنکاروں کے لیے پرسکون ماحول کے ساتھ لائبریری اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اس تقریب میں ڈائریکٹر آرٹس کونسل نعیم اللہ طفیل، سی ای او ایجوکیشن محمود الحسن، پروفیسر محمد صادق، محبوب حسین، ایکسئین بلڈنگ محمد وقاص اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔

Shares: