اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) محکمہ سول ڈیفنس نے غیر قانونی ایل پی جی دکانوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے رواں ماہ 85 دکانیں سیل کر دیں۔ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق، عوامی جان و مال کے تحفظ کے لیے کی گئی اس کارروائی میں، 2 دکانوں کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی گئیں۔
محکمہ سول ڈیفنس نے غیر قانونی ری فلنگ پر 85 ایل پی جی دکانوں کو سیل کیا، 2 کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی، 60 ہزار 5 سو روپے کے جرمانے کیے اور فائر سیفٹی کے انتظامات مکمل نہ ہونے پر 11 ایل پی جی دکانوں کے چالان بنا کر اسپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ رینالہ خورد کی عدالت میں بھجوائے۔
ڈسٹرکٹ سول ڈیفنس آفیسر نے ایل پی جی دکانوں کے مالکان پر زور دیا کہ وہ غیر قانونی ری فلنگ بند کریں اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کے ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے معیاری سیل بند سلنڈر فروخت کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غیر قانونی عمل کو برداشت نہیں کیا جائے گا کیونکہ اس سے پہلے بھی انسانی جانوں کا نقصان ہو چکا ہے۔








