کابینہ کی نجکاری کمیٹی نے قومی ایئر لائن کے 51 فیصد شیئرز فروخت کرنے کے لیے نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی نجکاری کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں قومی ایئر لائن کی نجکاری کے معاملات پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں قومی ایئر لائن کی مالی حالت اور نجکاری کے عمل میں درپیش رکاوٹوں پر بھی غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، کمیٹی نے قومی ایئر لائن کے 51 فیصد شیئرز فروخت کرنے کا فیصلہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ نجکاری کے عمل کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ مالی استحکام حاصل کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ کمیٹی نے نئے جہازوں کی خریداری یا لیز پر ٹیکس چھوٹ دینے کی تجویز دی اور سفارش کی کہ خریدار کمپنی کو جہازوں کی لیز یا خریداری پر سیلز ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہو۔نجکاری کمیٹی کو بریفنگ دی گئی کہ آئی ایم ایف نے اس ٹیکس استثنیٰ پر کسی قسم کے اعتراضات نہیں اٹھائے ہیں، جس سے اس عمل کی تکمیل میں مزید آسانی پیدا ہو گی۔ اس کے علاوہ، کمیٹی نے قومی ایئر لائن کی نجکاری کے لیے مختلف طریقہ کار اور اس کے طویل المدتی اثرات کا بھی جائزہ لیا۔








