اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے اردو نیوز کے صحافی وحید مراد کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ بدھ کے روز جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت میں سنایا گیا، جہاں صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
وحید مراد کو منگل اور بدھ کی درمیانی شب اسلام آباد کے سیکٹر جی ایٹ میں ان کے گھر سے اغوا کیا گیا تھا۔ اہل خانہ کے مطابق، کالے کپڑوں میں ملبوس نقاب پوش افراد نے انہیں اغوا کر لیا تھا، جس کے بعد ان کی بازیابی کے لیے اقدامات کیے گئے۔صحافی وحید مراد کی بازیابی کے لیے ان کے اہل خانہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں ان کی ساس، عابدہ نواز نے استدعا کی تھی کہ کراچی کمپنی تھانے میں درخواست دینے کے باوجود مقدمہ درج نہیں کیا گیا، اور عدالت سے مغوی کو فوری طور پر بازیاب کرانے کا حکم دینے کی درخواست کی گئی تھی۔