سیالکوٹ(بیوروچیف شاہدریاض)ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن سیالکوٹ نے ایک انوکھا اقدام کرتے ہوئے پیشہ ور گداگروں کو اسپیشل سینیٹری ورکر بنا کر ان سے قبرستانوں اور شہر کے چوکوں اور چوراہوں کی صفائی کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ایوب بخاری کے مطابق، ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر محکمہ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی زیر نگرانی پیشہ ور گداگروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ متعدد بار پکڑے جانے کے باوجود بھیک مانگنے سے باز نہ آنے والے بھکاریوں سے اب اسپیشل سینیٹری ورکرز کا کام لیا جائے گا۔
آج دو درجن سے زائد پیشہ ور بھکاریوں، جن میں سے اکثریت دوسرے اضلاع سے تعلق رکھتی ہے، کو پکڑ کر بابل شہید قبرستان میں صفائی ستھرائی کے کام پر لگا دیا گیا ہے۔
ایوب بخاری نے کہا کہ گداگری جرم ہے اور عید کے ایام میں پیشہ ور بھکاریوں نے شہریوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے۔ اس کے پیش نظر ان کی پکڑ دھکڑ کے لیے اسپیشل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور ان کو پکڑ کر ان سے صفائی ستھرائی کا کام لیا جائے گا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر اسلم سکھیرا بھی ان کے ہمراہ تھے۔