سیالکوٹ(بیورورپورٹ) رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ درخت لگانا ہمارا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے، اور رمضان کے بابرکت مہینے میں درخت لگانا عظیم صدقہ جاریہ ہے۔ انہوں نے یہ بات آج گورنمنٹ جناح اسلامیہ کالج سیالکوٹ کے سبزہ زار میں پودے لگاتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پرنسپل محمد منیر قادری، ارشد بٹ، اور کامران بٹ بھی موجود تھے۔
منشاء اللہ بٹ نے پلانٹ فار پاکستان پروگرام کو ماحول دوست منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی اور موسمی تغیرات کا واحد حل بھرپور شجرکاری میں مضمر ہے۔ انہوں نے پاکستان میں جنگلات کی کمی اور درختوں کی بے تحاشا کٹائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بڑے پیمانے پر درخت لگانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ہر فرد پر زور دیا کہ وہ اپنے حصے کے درخت لگائے اور ان کی حفاظت بھی کرے۔
اس موقع پر منشاء اللہ بٹ نے گورنمنٹ جناح اسلامیہ کالج کے ملازمین میں حسن کارکردگی شیلڈ اور نقد انعامات بھی تقسیم کیے اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنے فرائض منصبی محنت اور ایمانداری سے انجام دیں گے۔