اوچ شریف(باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان)قومی شاہراہ پر واقع پنجند پل کی خستہ حالی نے مقامی شہریوں اور مسافروں کو شدید خوف میں مبتلا کر دیا ہے، لیکن متعلقہ حکام تاحال خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
یہ پل ضلع مظفرگڑھ اور ضلع بہاولپور کو ملانے والا واحد ذریعہ ہے، جہاں روزانہ ہزاروں گاڑیاں گزرتی ہیں۔ مسلسل غفلت اور عدم توجہی کے باعث پل کی ساخت بری طرح کمزور ہو چکی ہے۔ اس کے فرش سے میٹریل اُکھڑ چکا ہے، آہنی سریے نمایاں ہو چکے ہیں، ستونوں میں دراڑیں پڑ چکی ہیں اور پانی کے بہاؤ نے بنیادوں کو بھی کمزور کر دیا ہے۔
اطراف کی حفاظتی دیواریں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، جو کسی بھی وقت گر کر بڑے جانی و مالی نقصان کا سبب بن سکتی ہیں۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ پل کسی بھی وقت حادثے کا شکار ہو سکتا ہے، لیکن حکام خوابِ غفلت میں ہیں۔
اہلِ علاقہ اور روزانہ سفر کرنے والے شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پنجند پل کی فوری مرمت کی جائے تاکہ کسی بڑے سانحے سے قبل عوام کو محفوظ بنایا جا سکے۔