گوجرانوالہ (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) گوجرانوالہ طیب حفیظ چیمہ کی زیر صدارت محکمانہ پروموشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ریجن بھر کے سی پی او/ڈی پی اوز نے شرکت کی۔ اجلاس میں مجموعی طور پر 123 پولیس اہلکاروں کو ترقی دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس میں 64 ہیڈ کانسٹیبلز کو اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) اور 59 اے ایس آئیز کو سب انسپکٹر (ایس آئی) کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ آر پی او طیب حفیظ چیمہ نے ترقی پانے والے تمام اہلکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی بروقت ترقی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ترقی پانے والے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ ہمیشہ لوگوں کی مدد کے جذبے کے تحت اپنے فرائض سرانجام دیں۔

آر پی او طیب حفیظ چیمہ نے مزید کہا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایات کے مطابق یہ اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں خالصتاً معیار، قابلیت، بہترین ریکارڈ اور سنیارٹی کے مطابق اہلکاروں کو ترقی دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہر اہلکار کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ترقی پائے، لیکن اس کے لیے کٹھن مراحل طے کرنے پڑتے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترقی پانے والے اہلکار اپنی نئی ذمہ داریاں محنت، لگن اور لوگوں کی مدد کے جذبے سے سرانجام دیں گے اور شہریوں کے لیے آسانیاں پیدا کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2025 میں اب تک 358 افسران کی پروموشن کی جا چکی ہے۔

اجلاس میں سٹی پولیس آفیسر گوجرانوالہ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حافظ آباد، گجرات، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر آر پی او آفس سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

Shares: