عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی ڈائریکٹر کمیونیکیشن جولی کوزیک نے حالیہ پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ پاکستان کو کلائمیٹ فنانسنگ کے تحت 1.3 ارب ڈالر ملیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بات چیت کا مقصد پاکستان کے لئے کلائمیٹ فنانسنگ اور ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلٹی (ای ایف ایف) پروگرام کے تحت فنڈز کی فراہمی پر تھا۔
جولی کوزیک نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ کی جانے والی بات چیت کلائمیٹ فنانسنگ کے حوالے سے کامیاب رہی ہے اور 1.3 ارب ڈالر کی یہ رقم پاکستان کو 28 ماہ میں فراہم کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس رقم کی فراہمی عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے پاکستان کی مالی مدد کرے گی۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 37 ماہ کا ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلٹی (ای ایف ایف) پروگرام ستمبر میں طے ہو چکا ہے۔ اس پروگرام کے تحت پاکستان کو 7 ارب ڈالر اقساط میں فراہم کیے جائیں گے، جو کہ ملک کی مالی حالت کو مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔جولی کوزیک نے مزید بتایا کہ پاکستان کے لئے نئی قسطوں کی فراہمی کے لئے 25 مارچ کو اسٹاف لیول معاہدہ طے پایا تھا۔ اس معاہدے کے تحت، پاکستان نے ای ایف ایف پروگرام کے پہلے جائزہ اجلاس میں کامیابی حاصل کی تھی۔ ان کامیاب مذاکرات کے بعد پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی رقم فراہم کی جائے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان جائزہ مذاکرات کی کامیابی کے بعد اسٹاف لیول معاہدہ طے پایا تھا، جس سے پاکستان کی معیشت کو مزید استحکام حاصل ہونے کی توقع ہے۔پاکستان کے لیے آئی ایم ایف سے ملنے والی مالی امداد نہ صرف ملک کی مالی مشکلات کو کم کرے گی بلکہ عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے پاکستان کی صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔