اوچ شریف (نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف میں قانون کی حکمرانی سوالیہ نشان بن گئی ہے، جہاں ان پڑھ بلیک میلر صحافیوں نے تھانہ اوچ شریف میں ٹاؤٹ مافیا کا روپ دھار لیا ہے۔ ان جعلی صحافیوں کی جانب سے نہ صرف شہریوں کو بلیک میل کیا جا رہا ہے بلکہ تھانہ پولیس کے ساتھ مل کر غیر قانونی سرگرمیاں بھی انجام دی جا رہی ہیں۔
اس صورتحال کا انکشاف اس وقت ہوا جب سابق ڈی پی او بہاولپور فیصل کامران نے ٹاؤٹ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے تھانہ میں آویزاں کی جانے والی لسٹوں میں ان بلیک میلر صحافیوں کے نام شامل کیے تھے۔ ان لسٹوں میں عبدالستار بریرا نامی ایک ان پڑھ بلیک میلر صحافی کا نام بھی شامل تھاجو شہریوں کو بلیک میل کرنے اور تھانہ کے اندر غیر قانونی کاموں میں معاونت فراہم کرنے میں ملوث ہے۔
سابق ڈی پی او فیصل کامران کی سخت کارروائی کے بعد ان بلیک میلر صحافیوں کو تھانہ میں ان سرگرمیوں سے باز آنا پڑا تھا لیکن ان کے تبادلے کے بعد یہ مافیا ایک بار پھر سرگرم ہو گیا ہے۔
شہریوں نے اس صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ڈی پی او بہاولپور اسد سرفراز خان سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان بلیک میلر صحافیوں کی وجہ سے انہیں تھانہ میں مشکلات کا سامنا ہے اور ان کی عزت و وقار کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈی پی او اسد سرفراز خان فوری طور پر اس مسئلے کا حل نکالیں اور اس مافیا کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کریں تاکہ شہریوں کو انصاف مل سکے اور قانون کی حکمرانی قائم ہو۔
عوامی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے اور انہیں امید ہے کہ ڈی پی او اسد سرفراز خان جلد اس معاملے پر کارروائی کریں گے اور اوچ شریف میں مافیا کے عناصر کا خاتمہ کر کے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔