شہروں میں مظاہرے، ریلیاں،ہزاروں افراد کی شرکت،اسرائیل کیخلاف نعرے بازی
فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہوناہر مسلمان کا دینی اور اخلاقی فریضہ ہے۔مقررین کے خطابات

پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیراہتمام جمعۃ الوداع کے موقع پر مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا گیا، لاہور،کراچی،اسلام آباد، پشاو،راولپنڈی، ملتان، بہاولپور، فیصل آباد، سکھر،لاڑکانہ سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے،خطبات جمعہ میں علماء کرام نے اسرائیلی مظالم کے خلاف مذمتی قراردادیں پیش کیں،چوبرجی چوک لاہور میں ہونے والے مظاہرے میں اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ احتجاجی مظاہروں کے دوران زبردست جذباتی ماحول دیکھنے میں آیا۔ شرکا نے فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے پلے کارڈز، بینرز اٹھا رکھے تھے. چوبرجی چوک لاہور میں احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر حافظ عبدالرؤف ،سیکرٹری جنرل مرکزی مسلم لیگ لاہور مزمل اقبال ہاشمی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں محصور مسلمانوں پر اسرائیلی حملوں کی محض مذمت سے کچھ نہیں ملے گا۔عالم اسلام کے قائدین اپنی ذمہ داریاں نبھائیں ،مغربی ممالک اسرائیل کی پشت پناہی کر کے صرف مشر ق وسطیٰ ہی نہیں پوری دنیا کے امن کو شدید خطرات سے دو چار کر رہے ہیں۔

مرکزی مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل سیف اللہ قصوری نے گوجرانوالہ میں خطبہ جمعہ کے اجتماع ، بعد ازاں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی بربریت ناقابل برداشت ہے ،جنگ بندی کے باوجود اسرائیل فلسطین میں کھلی دہشت گردی کر رہا ہے، مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر حافظ طلحہ سعید نے جوہر ٹاؤن میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں کہا کہ فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی مظالم ، دہشت گردی کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے مسلمان متحد و بیدار ہو جائیں ،او آئی سی اسرائیلی جارحیت کے خلاف موثر اقدامات کرے،کراچی میں جامع مسجد خالد بن ولید میں غزہ کے شہدا کی نماز جنازہ ادا کی گئی، اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ سندھ کے صدر فیصل ندیم، کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے شرکا سے خطاب میں کہا کہ مظلوم مسلمانوں کی مدد کرنا فرض ہے ۔ غزہ میں انسانی قوانین کو روندا جارہا ہے ۔

پاکستان مرکزی مسلم لیگ اسلام آباد کی جانب سے آئی ایٹ مرکز میں یکجہتی فلسطین مظاہرہ کیا گیا،مظاہرے سے جنرل سیکریٹری مرکزی مسلم لیگ اسلام آباد یاسر عرفات بٹ و دیگرنے خطاب کیا،فیصل آباد میں نشاط آباد پل کے پاس شیخ فیاض، احسن تارڑ نے احتجاجی مظاہرین سے خطاب کیا، ملتان میں وہاڑی روڈ نزد کوکا کولا میں احتجاجی مظاہرہ کا انعقاد کیا گیا،پشاور پریس کلب کے باہر مرکزی مسلم لیگ کے کارکنان نے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے احتجاج کیا، گجرات میں رحمان شہید روڈپر احتجاجی مظاہرہ کا انعقاد کیا گیا،اوکاڑہ میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام دہلی سویٹ فیصل آباد روڈ پر اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے اشفاق ورک نے خطاب کیا،سکھر میں پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کے شرکاء سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف ہونیوالی سازشوں کا محاسبہ کرنے کے لئے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرے.

مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام حیدر آباد میں پریس کلب کے سامنے،لاڑکانہ میں نئون دیرو روڈ پر،اوکاڑہ میں مرکز القادسیہ کے باہر،پاکپتن میں مرکز عبداللہ بن مبارک نگینہ چوک میں،سرگودھا میں مسلم لیگ ہاؤس ، عقب سول ہسپتال ،حافظ آباد میں کسوکی روڈ نزد المنیب میرج ہال،نارووال میں ظفروال بائی پاس پر،میانوالی میں سٹیشن چوک پر،ننکانہ میں مدینہ کالونی ،قصور میں کچہری روڈ پر،سیالکوٹ میں حاجی پورہ روڈ پر،منڈی بہاؤ الدین میں واسو روڈ پر، بہاولپور میں ون یونٹ چوک پر فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی ،اسرائیلی مظالم کے لئے احتجاجی مظاہرے کئے گئے.

Shares: