ننکانہ صاحب(نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) کنٹری گروپ آف کالجز کے زیر اہتمام اسکالرشپ ٹیسٹ 2025 میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں سیاسی اور سماجی شخصیات، والدین اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز ننھے طلباء و طالبات کی جانب سے مہمانوں کے پرجوش استقبال سے ہوا۔ بعد ازاں، طلباء و طالبات نے مختلف موضوعات پر دلچسپ اور معلوماتی ٹیبلوز پیش کیے، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔ خاص طور پر، نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم اور عالمی طاقتوں کی خاموشی کے موضوع پر پیش کیے گئے ٹیبلو کو بہت پسند کیا گیا اور بچوں کو دل کھول کر داد دی گئی۔

تقریب کے دوران، مہمانان گرامی نے اسکالرشپ ٹیسٹ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں شیلڈز، تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعامات تقسیم کیے۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے عزیر سلیم کو پچاس ہزار روپے، دوسری پوزیشن پر طلحہ عبدالرؤف کو چالیس ہزار روپے، جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر عروج فاطمہ اور سعد افتخار کو پچیس پچیس ہزار روپے نقد انعام سے نوازا گیا۔

کنٹری گروپ آف کالجز کی جانب سے اسکالرشپ ٹیسٹ میں پہلی دس پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو موڑکھنڈا میں واقع کنٹری کالج میں دو سالہ انٹرمیڈیٹ کی مفت تعلیم اور دیگر تعلیمی اخراجات میں معاونت فراہم کی جائے گی، تاکہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے زندگی میں آگے بڑھنے کے اپنے خوابوں کو پورا کر سکیں۔

Shares: