ننکانہ صاحب(نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) اسپائر کالج موڑکھنڈا نے اپنے زیر اہتمام منعقدہ اسپائر انٹیلیجنس ٹیسٹ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب کی صدارت کالج کے پرنسپل حافظ عظمت اللہ نے کی، جبکہ ڈائریکٹرز محمد طارق شہزاد، محمد امین آفتاب، محمد اشفاق، محمد بلال ارشد، فیض الرحمان پڈھیار، کرامت علی اور اساتذہ سمیت طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اسپائر انٹیلیجنس ٹیسٹ میں طالبات میں فاطمہ حیدر نے پہلی، منیہا دلشاد نے دوسری اور عائشہ مانگٹ حسین نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح، طلباء میں سعد علی افتخار نے پہلی، محمد عزیر سلیم نے دوسری اور عزیر رمضان اور سعد اویس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو پچاس ہزار روپے، دوسری پوزیشن والوں کو تیس ہزار روپے اور تیسری پوزیشن والوں کو بیس ہزار روپے نقد انعام دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی، انہیں کالج کی طرف سے دو سالہ انٹرمیڈیٹ کی مفت تعلیم بھی فراہم کی جائے گی۔ ٹیسٹ میں پہلی دس پوزیشنیں حاصل کرنے والے تمام طلباء و طالبات کو بھی دو سال تک مفت تعلیم دی جائے گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کالج کے ڈائریکٹر محمد طارق شہزاد نے کہا کہ ان کا ادارہ "خواب سے تکمیل تک” کے مشن پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کالج نے اپنے قیام کے صرف تین سالوں میں شاندار نتائج اور اعلیٰ روایات کی بدولت ایک منفرد مقام حاصل کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کالج جدید ترین لیب، منفرد لائبریری اور اعلیٰ تعلیم یافتہ تجربہ کار اساتذہ کی بدولت ہر طالب علم کی پہلی پسند بن گیا ہے۔ انہوں نے اس کامیابی پر اللہ کا شکر ادا کیا اور والدین اور طلباء کی توقعات پر پورا اترنے کے عزم کا اظہار کیا۔

Shares: