لنڈی کوتل (باغی ٹی وی) ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ لنڈی کوتل کے علاقوں میرداد خیل، اشخیل، خوگا خیل اور شیخمل خیل میں ہزاروں افراد نے عید الفطر کی نماز کے بڑے اجتماعات میں شرکت کی اور ملک و قوم کی سلامتی اور اتحاد کے لیے دعائیں مانگیں۔
جامع مسجد سیدنا عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ اشخیل میں عید کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نوجوان عالم دین مولانا بختاج شینواری نے امت مسلمہ کو اتحاد کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ خاتم النبیین حضرت محمدصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہمیشہ امت مسلمہ کو انتشار اور تقسیم سے بچائے رکھا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہمیشہ امت مسلمہ کو متحد کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک عالم دین کبھی بھی انتشار اور امت کو تقسیم کرنے کے حق میں نہیں ہوتا اور نہ ہی وہ ایسے اختلافی مسائل پر بحث کرتا ہے جس سے عوام میں تقسیم اور نفرت پیدا ہو۔
مولانا بختاج شینواری نے گزشتہ روز عید الفطر منانے والوں پر مثبت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج امت مسلمہ کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ غیر ذمہ دارانہ عمل ہے کہ لنڈی کوتل کے عوام کو عید کے مسئلے پر تقسیم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور صحابہ کرام کے ادوار میں بھی عید پر اختلاف سامنے آئے اور یہ صحیح احادیث سے ثابت ہے کہ ایک ریاست یا ملک کے لوگ دوسرے ملک کے لوگوں کے ساتھ ایک روز عید منانے یا روزہ رکھنے کے پابند نہیں ہیں۔ بلکہ ہر علاقے یا ریاست کے لوگ چاند دیکھ کر عید منا سکتے ہیں اور چاند دیکھ کر روزہ رکھ سکتے ہیں۔

مولانا بختاج شینواری نے لنڈی کوتل کے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ عید جیسے مسائل پر عوام کو متحد رکھیں اور انہیں انتشار اور تقسیم سے بچائیں۔








