اسلام آباد: وزیرِاعظم پاکستان، میاں محمد شہباز شریف کی ہدایت پر میانمار میں حالیہ زلزلے سے متاثرہ افراد کے لیے پاکستان کی جانب سے امدادی سامان روانہ کیا گیا ہے۔ یہ امدادی سامان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے فراہم کیا گیا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق، پاکستان کی طرف سے بھیجے گئے امدادی سامان کی پہلی کھیپ میں 35 ٹن ضروری اشیاء شامل ہیں۔ امدادی سامان میں خیمے، ترپالیں، کمبل، تیار کھانا، ادویات اور واٹر ماڈیولز شامل ہیں تاکہ زلزلے کے متاثرین کی فوری ضروریات پوری کی جا سکیں۔این ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ امدادی سامان لے کر طیارہ میانمار کے شہر ینگون پہنچے گا، جہاں اس سامان کو زلزلہ زدگان تک پہنچایا جائے گا۔ میانمار میں زلزلے کے نتیجے میں اب تک 2719 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ 4521 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

امدادی سامان کی روانگی کی تقریب میں وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، این ڈی ایم اے کے حکام، وزارتِ خارجہ کے اہلکار اور میانمار کے سفیر نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے وزیرِ اعظم کی ہدایت پر فوری امدادی سامان کے ترسیلی عمل پر این ڈی ایم اے کی کارکردگی کو سراہا۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ "پاکستان کی حکومت اس مشکل وقت میں میانمار کے عوام کے ساتھ ہے اور ہم تمام تر امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ "مجموعی طور پر 70 ٹن امدادی سامان میانمار بھیجا جا رہا ہے تاکہ متاثرین کی زیادہ سے زیادہ مدد کی جا سکے۔”

دوسری جانب، میانمار کے سفیر نے پاکستان کی امدادی کارروائیوں پر حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی امداد سے متاثرہ افراد کو بڑی مدد ملے گی اور پاکستانی عوام کی سخاوت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

Shares: