نیوزی لینڈ نے تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کو 84 رنز سے شکست دے دی اور سیریز میں 2-0 کی اہم برتری حاصل کر لی۔

ہیملٹن کے سیڈون پارک میں کھیلے گئے اس میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 292 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کے وکٹ کیپر بیٹر مچل ہی نے 78 گیندوں پر 99 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں انہوں نے 7 چھکے اور 7 چوکے لگائے۔پاکستان کی ٹیم 292 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے 208 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ فہیم اشرف نے 73 رنز اور نسیم شاہ نے 51 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، لیکن ان کی کوششیں ناکافی ثابت ہوئیں اور پوری ٹیم 208 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے 54 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔ پہلی وکٹ چھٹے اوور میں حارث رؤف کی گیند پر نک کیلی کے 31 رنز پر گری۔ اس کے بعد 10 ویں اوور میں ریز ماریو 18 رنز پر وسیم جونیئر کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔ اس وقت نیوزی لینڈ کا اسکور 71 رنز تھا۔

نیوزی لینڈ کے مزید بیٹرز ڈیرل مچل (18) اور ہنری نکولس (22) بھی جلد آؤٹ ہوگئے، اور اس وقت نیوزی لینڈ کا اسکور 102 رنز تھا۔ پانچویں وکٹ پر مائیکل بریسویل اور محمد عباس نے 30 رنز کی شراکت داری کی، لیکن بریسویل 17 رنز پر وسیم جونیئر کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔ مچل ہی اور محمد عباس نے چھٹی وکٹ پر 77 رنز کی شراکت داری قائم کی، اور جب عباس 40 ویں اوور میں 31 رنز کے ساتھ آؤٹ ہوئے، تو نیوزی لینڈ کا اسکور 209 رنز تھا۔مچل ہی نے اپنی جارحانہ بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور آخری اوور میں 24 رنز بنائے، جس کے نتیجے میں نیوزی لینڈ نے 292 رنز 8 کھلاڑیوں کے نقصان پر مکمل کیے۔

پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر اور سفیان مقیم نے 2،2 وکٹیں لیں، جبکہ فہیم اشرف، عاکف جاوید اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ نیوزی لینڈ کا ایک کھلاڑی رن آؤٹ بھی ہوا۔

پاکستانی ٹیم میں اس میچ کے لیے چار تبدیلیاں کی گئیں تھی پاکستانی ٹیم میں امام الحق، عبداللہ شفیق، بابراعظم، محمد رضوان (کپتان)، سلمان علی آغا، طیب طاہر، فہیم اشرف، محمد وسیم جونیئر، حارث رؤف، سفیان مقیم اور عاکف جاوید شامل تھے۔ اسی طرح نیوزی لینڈ کے اہم بیٹر مارک چیپمین ہیم اسٹرنگ انجری کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے۔

اب نیوزی لینڈ کو 3 میچز پر مشتمل اس ون ڈے سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل ہوچکی ہے۔

Shares: