باغی ٹی وی رپورٹ:بیوی کنواری ہے یا نہیں؟ شوہر کی عجیب درخواست، عدالت کا حیران کن فیصلہ

تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کی ہائی کورٹ نے ایک انوکھے مقدمے میں شوہر کی اس درخواست کو مسترد کر دیا، جس میں اس نے اپنی بیوی کو کنوارے پن کا ٹیسٹ کرانے کا حکم دینے کی استدعا کی تھی۔ یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب بیوی نے شوہر کو "کمزور” قرار دیتے ہوئے اس کے ساتھ ازدواجی تعلقات قائم کرنے اور گھر میں رہنے سے انکار کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جوڑے کی شادی اپریل 2023 میں ہوئی تھی، لیکن جلد ہی ان کے تعلقات میں تلخی پیدا ہو گئی۔ بیوی نے شوہر پر کمزوری کا الزام لگایا اور فیملی کورٹ میں ماہانہ کفالت کے لیے درخواست دائر کی۔ جواب میں شوہر نے بیوی کے ناجائز تعلقات کا شک ظاہر کرتے ہوئے اس کے کنوارے پن کے ٹیسٹ کا مطالبہ کیا۔ فیملی کورٹ سے درخواست مسترد ہونے کے بعد اس نے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا۔

ہائی کورٹ نے سماعت کے دوران سخت ریمارکس دیے کہ کسی خاتون کو کنوارے پن کا ٹیسٹ کرانے پر مجبور کرنا نہ صرف غیر آئینی ہے بلکہ آئین کے آرٹیکل 21 کے تحت خواتین کے بنیادی حقوق اور تقدس کی بھی خلاف ورزی ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ یہ مطالبہ خواتین کے وقار کے منافی ہے اور اسے قبول نہیں کیا جا سکتا۔

عدالت نے شوہر کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ بیوی کے "کمزوری” کے الزامات کو غلط سمجھتا ہے تو وہ خود اپنا طبی معائنہ کروا کر اپنی بات منوا سکتا ہے۔ فیصلے نے خواتین کے حقوق کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے اس تنازع کو ایک نئی سمت دی ہے۔

Shares: