لیہ (باغی ٹی وی) ڈپٹی کمشنر امیر ابیدار نے کہا ہے کہ اشیائے خوردونوش کی فروخت مقررہ نرخوں پر یقینی بنانے کے لیے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس پڑتال کا سلسلہ جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ کردہ ریٹ پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے یہ بات پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد ملک، اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر امیر ابیدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگے داموں اشیائے ضروریہ کی فروخت قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گراں فروشی مناسب عمل نہیں، دکاندار اپنا جائز منافع رکھ کر اشیاء فروخت کریں۔
ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو سختی سے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ مارکیٹوں میں ریٹ لسٹوں کی موجودگی، اشیاء کی کوالٹی، ایکسپائری تاریخ، ریٹ واضح جگہ پر لکھ کر آویزاں کرنے اور وزن پیمائش کی چیکنگ کریں۔ تاکہ صارفین کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع لیہ نے گزشتہ ماہ پرائس کنٹرول پرفارمنس میں پنجاب بھر میں 5ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ جس میں 1 لاکھ 76 ہزار سے زائد مقامات کا معائنہ کیا گیا، جس میں 10 ہزار 906 اوور چارجنگ کی شکایات پائی گئیں۔ 30 ہزار 861 وارننگ دی گئیں، 312 افراد کو جرمانہ عائد کیا گیا، 21 ایف آئی آر کا اندراج عمل میں لایا گیا، جبکہ 6 لاکھ 9 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔