بالی وڈ کی معروف اداکارہ شالینی پانڈے نے حال ہی میں ایک دل دہلا دینے والا انکشاف کیا ہے کہ جب وہ فلمی کیریئر کے ابتدائی ایام گزار رہی تھیں، تو ایک ساؤتھ انڈسٹری کے ڈائریکٹر نے ان کی وینیٹی وین میں گھس کر انہیں شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا۔
شالینی پانڈے، جو 2017 میں بھارتی ہدایتکار سندیپ ریڈی وانگا کی فلم "ارجن ریڈی” سے شہرت کی بلندیوں تک پہنچی تھیں، نے اس واقعے کے بارے میں تفصیل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ ان کے لیے ایک مشکل اور صدمے کا باعث تھا۔اداکارہ نے بتایا کہ "جب میں صرف 22 سال کی تھی، اور اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں تھی، میں ایک ساؤتھ فلم کی شوٹنگ کر رہی تھی۔ اس دوران، جب میں کپڑے تبدیل کر رہی تھی، ایک ڈائریکٹر بغیر دروازہ کھٹکھٹائے میری وینیٹی وین میں گھس آیا۔ میں اس وقت بے حد بے چین اور خوفزدہ ہو گئی تھی کیونکہ میرے پاس اس قسم کی صورتحال سے نمٹنے کا کوئی خاص تجربہ نہیں تھا۔”انہوں نے مزید کہا کہ "یہ سب کچھ اس وقت ہوا جب لوگ ہمیشہ مجھے سکھاتے تھے کہ باتوں میں میٹھاس رکھو اور کسی کو برا نہ لگنے دو کیونکہ اگر ایسا ہوا تو مجھے کام نہیں ملے گا۔ لیکن جب اس ڈائریکٹر نے ایسا کیا تو میری فطری ردعمل کے طور پر میں چیخ پڑی۔”
شالینی نے بتایا کہ "ڈائریکٹر میرے چیخنے کے بعد وہاں سے چلا گیا، لیکن اس کے بعد کئی لوگوں نے مجھے کہا کہ میں نے ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔ لیکن کیا صرف اس لیے کہ میں نئی تھی، کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ میرے ساتھ ایسا سلوک کرے؟ شروع میں مجھے یہ سمجھ نہیں آیا کہ میں نے یہ ردعمل کیوں دیا، مگر بعد میں مجھے احساس ہوا کہ میرا رویہ میری حفاظت کے لیے تھا۔”اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ اس واقعے کے بعد بہت سے لوگ انہیں غصے والی سمجھنے لگے، لیکن اب وہ اس طرح کے حالات کو بہتر طریقے سے سنبھالنا سیکھ چکی ہیں۔
شالینی پانڈے نے اپنے انٹرویو میں مزید بتایا کہ وہ بالی وڈ انڈسٹری میں آنے سے پہلے کسی فلمی خاندان سے تعلق نہیں رکھتی تھیں، اور انہیں شروع میں اس انڈسٹری کے بارے میں بہت کچھ سیکھنا پڑا۔شالینی کے اس انکشاف نے نہ صرف ساؤتھ انڈسٹری کی سیاہ حقیقتوں کو بے نقاب کیا، بلکہ یہ بھی ظاہر کیا کہ خواتین کے ساتھ غیر مناسب سلوک اور ہراسانی کے خلاف آواز اٹھانا انتہائی ضروری ہے۔