سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض+سٹی رپورٹر مدثر رتو)پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما، رکن پنجاب اسمبلی اور صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب، ایم پی اے حلقہ PP-152 سیالکوٹ چوہدری ارشد جاوید وڑائچ انتقال کرگئے۔ ان کے انتقال کی خبر سن کر سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی فضا چھا گئی۔

چوہدری ارشد جاوید وڑائچ تین بار (2013، 2018، 2024) مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر مسلسل ایم پی اے منتخب ہوئے اور ان کا شمار میاں نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا۔ مرحوم 13 دسمبر 1956 کو پیدا ہوئے۔

چوہدری ارشد جاوید وڑائچ کی نماز جنازہ بعد از نماز عصر سیالکوٹ کے علاقے کینال سٹی میں ادا کی گئی، جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

نماز جنازہ معروف عالم دین حافظ عمران بشیر نے پڑھائی۔ جنازے میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، وزیر مملکت ارمغان سبحانی، صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر خاور بٹ، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال، اراکین اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ، چوہدری فیصل اکرام، چوہدری طارق سبحانی، انجینئر خرم دستگیر خان، رانا فیاض، رانا شمیم خان، خرم ورک، نوید اشرف، رانا عارف ہرناہ سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے ایم پی اے ارشد جاوید وڑائچ کے انتقال پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کی بیٹی محترمہ حنا ارشد وڑائچ سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے تعزیت کی۔ وزیراعظم نے مرحوم کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بلندی درجات کی دعا کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے تعزیتی پیغام سیکرٹری کوارڈینیشن ٹو سی ایم، سید واجد علی شاہ نے مرحوم کے اہلخانہ تک پہنچایا اور ان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

سیالکوٹ کی فضاء مرحوم چوہدری ارشد جاوید وڑائچ کے انتقال پر سوگوار رہی جبکہ سیاسی کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد نے ان کی سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

Shares: