سیالکوٹ (بیوروچیف شاہد ریاض) ڈسٹرکٹ پولیس آفس سیالکوٹ میں نئے ترقی پانے والے پولیس افسران کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر سے سب انسپکٹر، ہیڈ کانسٹیبل سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور کانسٹیبل سے ہیڈ کانسٹیبل کے عہدے پر ترقی پانے والے 37 افسران کو رینک لگائے گئے۔
تقریب میں ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے ترقی پانے والے افسران کے اہل خانہ کے ہمراہ انہیں نئے عہدے کے رینک لگائے اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے افسران کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
اس موقع پر ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے کہا کہ پولیس سروس میں محکمانہ پروموشن درحقیقت ذمہ داریوں میں اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے پروموٹ ہونے والے افسران کو ہدایت کی کہ وہ قانون کے یکساں نفاذ، میرٹ کی پاسداری اور بہترین سروس ڈلیوری سے شہریوں کی خدمت اور تحفظ کو شعار بنائیں۔








