ممبئی: بالی ووڈ کی مشہور ڈانسر و اداکارہ ملائکہ اروڑا کے خلاف قابلِ ضمانت وارنٹ دوبارہ جاری کر دیے گئے ہیں۔ یہ وارنٹ ممبئی کی مجسٹریٹ عدالت نے اداکارہ کی مسلسل غیر حاضری کے باعث جاری کیے ہیں، جو 2012ء کے سیف علی خان ہوٹل حملہ کیس میں بطور گواہ پیش نہیں ہوئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، عدالت نے گزشتہ روز سیف علی خان کے خلاف 2012ء کے ہوٹل حملہ کیس میں ملائکہ اروڑا اور دیگر افراد کے خلاف مسلسل غیر حاضری پر قابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے ہیں۔عدالت نے اس بات کا بھی نوٹس لیا ہے کہ ملائکہ اروڑا مسلسل کیس کی سماعت میں شرکت نہیں کر رہیں اور اس حوالے سے رواں ماہ کے اختتام تک رپورٹ طلب کی ہے۔ عدالت نے ان کے خلاف 5 ہزار روپے کے قابلِ ضمانت وارنٹ جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔
یاد رہے کہ 15 مارچ کو بھی ملائکہ اروڑا کے خلاف قابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے گئے تھے۔ اس وقت عدالت نے اداکارہ کی بہن امریتا اروڑا اور ان کی دوست فرخ واڈیا کے خلاف بھی وارنٹ جاری کیے تھے، جن کی مالیت 5 ہزار روپے تھی۔کل کی سماعت میں سیف علی خان سمیت تمام ملزمان نے عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی، جسے عدالت نے منظور کر لیا، اور وہ غیر حاضر رہے۔ اس کے باوجود عدالت نے ملائکہ اروڑا کے خلاف وارنٹس کو دوبارہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔اس کیس کی سماعت اور ملائکہ کی مسلسل غیر حاضری کے باعث کیس میں مزید پیش رفت کی توقع ہے اور عدالت نے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے مزید رپورٹ طلب کی ہے۔








