سیالکوٹ (سٹی رپورٹرمدثر رتو) خواجہ صفدر میڈیکل کالج میں ریسکیو 1122 نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فرضی مشق کا انعقاد کیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی زیر نگرانی یہ مشق کسی بھی ناگہانی صورتحال جیسے آگ لگنے یا زلزلے کی صورت میں فوری ردعمل کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی۔
مشق کا بنیادی مقصد کالج کے طلباء، اساتذہ اور دیگر عملے کو تربیت دینا تھا تاکہ وہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں اپنی جانیں بچا سکیں۔ فرضی مشق کے دوران ریسکیو اہلکاروں نے آگ لگنے کی صورت میں عمارت کے اندر پھنسے ہوئے افراد کو بحفاظت نکالنے، بلند عمارت سے لوگوں کو نیچے اتارنے اور فوری طور پر آگ پر قابو پانے کا عملی مظاہرہ کیا۔
ریسکیو 1122 نے ریسکیو، واٹر ریسکیو اور فائر فائٹنگ کے جدید آلات کے سٹال بھی لگائے اور ان آلات کو ہنگامی حالات میں استعمال کرنے کا طریقہ بھی دکھایا۔ اس فرضی مشق کی مجموعی کمانڈ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے سنبھالی، جبکہ آپریشنل کمانڈ تحصیل انچارج سیالکوٹ محمد رضا، انسیڈنٹ کمانڈ کنٹرول روم انچارج عمران سلیمی، فیلڈ ہسپتال انچارج محمد عمران اور فائر سیکٹر کمانڈر ندیم اختر نے اپنے فرائض سرانجام دیے۔ ڈسٹرکٹ وارڈن جمیل جنجوعہ کی قیادت میں ریسکیو محافظین نے بھی اس مشق میں حصہ لیا۔
فرضی مشق کے موقع پر سوشل ورکر روز ویلفیئر کے صدر اشفاق نظر، ڈاکٹر عثمان (کوارڈینیٹر فائر سیفٹی خواجہ محمد صفدر کالج) اور فوکل پرسن سپریڈنٹنٹ ارسل بٹ بھی موجود تھے۔ کالج کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ہما کیانی نے اس فرضی مشق کا جائزہ لیا اور ریسکیو 1122 کی اس کاوش کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی فرضی مشقوں کا مقصد ہمیں مستقبل میں پیش آنے والی کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار کرنا ہے اور یہ جاننا ہے کہ ایسی صورت میں ہمارا اگلا قدم کیا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کامیاب فرضی مشق کے انعقاد پر ریسکیو ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے اس موقع پر کہا کہ ریسکیو 1122 عوام کی خدمت کے لیے ہر وقت تیار ہے اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کے وژن کے تحت معاشرے کو محفوظ اور صحت مند بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں کمیونٹی ٹریننگ کا سلسلہ بھی جاری ہے اور ہم سب مل کر ہی ایک محفوظ معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔