اوچ شریف، باغی ٹی وی( نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے علاقے جلال پور پیر والا روڈ دھور کوٹ موڑ کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار ٹرک نے پھٹہ رکشہ کو ٹکر مار دی۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب رکشہ روڈ کراس کر رہا تھا کہ پیچھے سے آنے والے تیز رفتار ٹرک نے رکشہ کو زور دار ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں رکشہ سوار 65 سالہ غلام شبیر ولد الہی بخش موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق غلام شبیر ٹرک کے نیچے آ کر بری طرح زخمی ہوا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
حادثے میں رکشہ میں موجود ایک اور شخص کو معمولی چوٹیں آئیں، جسے مقامی افراد نے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم اور پیٹرولنگ پولیس خیرپور ڈاہا موقع پر پہنچ گئیں اور ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد جاں بحق ہونے والے غلام شبیر کی لاش ورثاء کے حوالے کر دی۔ ورثاء نے اپنی نجی گاڑی میں میت کو گھر منتقل کر دیا۔