اوچ شریف،باغی ٹی وی( نامہ نگار،حبیب خان) حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) کی اوچ شریف برانچ بند کرکے اسے احمد پور شرقیہ منتقل کرنے کے فیصلے نے علاقے میں شدید بے چینی پیدا کر دی ہے۔ مقامی تاجروں، سرکاری ملازمین، آن لائن کاروبار کرنے والے افراد اور دیہاتیوں نے بینک انتظامیہ کے اس اقدام پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے علاقے کی معیشت پر کاری ضرب قرار دیا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اوچ شریف اور مضافاتی دیہات کے سینکڑوں افراد روزمرہ لین دین، تنخواہوں، پنشن، کاروباری امور اور آن لائن بینکنگ کے لیے اسی برانچ پر انحصار کرتے تھے۔ اب احمد پور شرقیہ جانے سے نہ صرف اضافی خرچ برداشت کرنا پڑے گا بلکہ خواتین، بزرگ شہری اور دور دراز سے آنے والے دیہاتی شدید مشکلات سے دوچار ہو جائیں گے۔
مقامی کاروباری طبقہ اور عوام نے چیئرمین حبیب بینک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عوامی مشکلات اور علاقائی معاشی حالات کو دیکھتے ہوئے اوچ شریف برانچ بند کرنے کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر یہ فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ عوامی نمائندوں نے بھی بینک انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ عوامی ریلیف کو مقدم رکھتے ہوئے اس فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔








