اوچ شریف،باغی ٹی وی ( نامہ نگار حبیب خان): اوچ شریف میں ممتاز روحانی پیشوا پیر سید محمد شاہ جرار کی قیادت میں فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک عظیم الشان اور پُرامن احتجاجی ریلی منعقد ہوئی۔ یہ ریلی جامعہ قاسمیہ بھٹہ ککس سے شروع ہوئی اور شہر کے مرکزی مقام الشمس چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں علمائے کرام، وکلا، صحافیوں، تاجروں، طلبہ اور عام شہریوں سمیت ہزاروں افراد نے پرجوش شرکت کی۔

شرکاء میں مولانا اسداللہ مدنی، مولانا جلیل احمد عباسی، مفتی شبیر الحق، مولانا شاکر قاسمی، مولانا راشد فاروقی، مولانا اعجاز الحق، مولانا عبداللہ مستوئی، قاری سعد مدنی، میاں محمد عامر صدیقی (صدر پریس کلب اوچ شریف)، خواجہ سہیل عباس، عمر خورشید سہمن، شفیق شہزاد، عادل بخاری، راؤ فاروق، قاضی عمران بھٹہ اور دیگر معروف شخصیات شامل تھیں۔ شرکاء نے ہاتھوں میں فلسطین کے پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر فلسطینیوں کی آزادی کے حق میں اور اسرائیلی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی کے دوران فلک شگاف نعروں سے فضا گونج اٹھی۔

احتجاج کے دوران شرکاء نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور علامتی طور پر اسرائیلی پرچم نذرِ آتش کیا۔ اس کے ساتھ ہی فلسطین کی جلد آزادی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ ریلی کا ماحول مکمل طور پر پرامن اور منظم رہا، جبکہ شرکاء کا جذبہ قابلِ دید تھا۔

الشمس چوک پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام نے کہا کہ "فلسطین کا مسئلہ عالمِ اسلام کا مشترکہ درد ہے اور اس کا پُرامن حل عالمی امن کے لیے ناگزیر ہے۔” انہوں نے امریکہ اور برطانیہ سمیت عالمی طاقتوں پر کڑی تنقید کی اور الزام لگایا کہ یہ ممالک اسرائیلی ظلم و ستم کی سرپرستی کر رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ "فلسطینی عوام نے آزادی کی خاطر لازوال قربانیاں دی ہیں اور ان کا حوصلہ آج بھی ناقابلِ شکست ہے۔”

اوچ شریف سول سوسائٹی کے صدر عمر خورشید سہمن نے خطاب میں کہا کہ "اسرائیل نے معاہدوں کی پامالی اور بدعہدی کی تاریخی روایت کو برقرار رکھا ہے۔” انہوں نے 57 اسلامی ممالک کے سربراہان سے اپیل کی کہ وہ خاموش تماشائی نہ بنیں، بلکہ اتحاد اور عملی اقدامات کے ذریعے فلسطینیوں کی حمایت کریں تاکہ اسرائیل کو مظلوم فلسطینی سرزمین سے بے دخل کیا جا سکے۔

ریلی کے اختتام پر شرکاء نے عزم کیا کہ وہ فلسطینی عوام کے ساتھ ہر ممکن یکجہتی جاری رکھیں گے۔ یہ اجتماع نہ صرف ایک احتجاج بلکہ فلسطین کے حق میں اوچ شریف کے عوام کے غیر متزلزل عزم کا واضح ثبوت تھا۔

Shares: