ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی (نامہ نگار احسان اللہ ایاز)بھارتی یاتریوں کا والہانہ استقبال، پاکستان ہماری اپنی دھرتی ہے ۔یاتری
تفصیلات کے مطابق بھارتی سکھ یاتریوں کا پہلا بڑا جتھہ، جس کی قیادت جنگ بہار سنگھ کر رہے تھے ننکانہ صاحب پہنچ گیا ہے۔ ان یاتریوں کی آمد بیساکھی میلے کی تقریبات کے سلسلے کی پہلی کڑی ہے۔

گوردوارہ جنم استھان پہنچنے پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے سکھ یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ پاکستانی حکام نے مہمان یاتریوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور انہیں گلدستے اور ہار پہنائے۔ پہلے دو جتھوں میں تقریباً تین ہزار بھارتی سکھ یاتری شامل تھے جبکہ توقع ہے کہ مجموعی طور پر آج رات 5790 سکھ یاتری ننکانہ صاحب پہنچ جائیں گے۔

بیساکھی میلے کے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ سکھ قوم اپنی مذہبی رسومات کا آغاز اکھنڈ پاٹھ صاحب سے کرے گی۔

بھارت سے آئے ہوئے سکھ یاتریوں نے پاکستان میں اقلیتوں کو حاصل مکمل مذہبی آزادی اور تحفظ پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب میں انہیں بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ضلعی اداروں کے افسران ان کی خدمت میں ہر وقت پیش پیش ہیں۔ سکھ یاتریوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان سے محبتیں سمیٹ کر واپس جائیں گے۔

یاتریوں نے فول پروف انتظامات کرنے پر حکومت پاکستان اور ضلعی انتظامیہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے دل کھول کر ویزے جاری کیے جس پر وہ تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔ بھارتی سکھ یاتریوں نے حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بابا نانک کی دھرتی پر کیے گئے شاندار انتظامات کو سراہا۔

بھارتی سکھ یاتریوں نے پاکستانی عوام کی جانب سے ملنے والی بے پناہ محبت کا بھی اعتراف کیا اور کہا کہ پاکستانی عوام سکھ قوم سے گہری محبت رکھتے ہیں۔ ایک یاتری نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "ہم مہمان نہیں، پاکستان ہماری اپنی دھرتی ہے۔ ہمیں اتنی عزت بھارت میں بھی نہیں ملتی جتنی پاکستان نے دی ہے۔








