سابق بھارتی کرکٹر اور کوچ سنجے بانگر کے بیٹے، جنہوں نے اپنی جنس تبدیل کرانے کے بعد عنایہ کا نام اپنایا، نے حالیہ دنوں میں بھارتی کرکٹرز کی جانب سے انہیں فحش تصاویر بھیجے جانے کا انکشاف کیا ہے۔

گذشتہ برس نومبر میں، سنجے بانگر کا 23 سالہ بیٹا آریان اپنی جنس کی تبدیلی کے بعد عنایہ بن گیا تھا۔ عنایہ نے سوشل میڈیا پر ہارمونل ٹرانسفارمیشن کے ذریعے اپنی جنس کی تبدیلی کا سفر شیئر کیا تھا، جس کے بعد وہ خاصی توجہ کا مرکز بنی۔ اس کے بعد وہ مختلف انٹرویوز میں اپنے تجربات اور احساسات کا اظہار کرتی رہیں۔حال ہی میں، برطانیہ میں مقیم عنایہ نے ایک انٹرویو میں بھارتی کرکٹرز سے متعلق ایک چونکا دینے والا انکشاف کیا۔ دوران انٹرویو، عنایہ نے جنس میں تبدیلی کی خواہش کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ "جب میں 8 یا 9 سال کی تھی تو میں اپنی والدہ کی الماری سے کپڑے نکال کر پہن لیتی تھی اور آئینے میں دیکھ کر کہتی تھی کہ میں لڑکی ہوں اور لڑکی بننا چاہتی ہوں”۔

عنایہ نے یہ بھی بتایا کہ "میں اب تک کئی مشہور کرکٹرز جیسے مشیر خان، سرفراز خان، اور یاشاسوی جیسوال کے ساتھ کھیل چکی ہوں، لیکن اپنی ذاتی زندگی کو رازداری میں رکھنا پڑا کیونکہ میرے والد ایک معروف شخصیت ہیں۔ تاہم، یہ حقیقت ہے کہ کرکٹ کی دنیا عدم تحفظ اور گندی مردانہ ذہنیت سے بھری ہوئی ہے”۔جنسی ہراسانی کے بارے میں بات کرتے ہوئے، عنایہ نے کہا کہ "کچھ کرکٹرز ایسے ہیں جنہوں نے مجھے اپنی فحش تصاویر بھیجیں”۔ اس کے علاوہ، جنس تبدیلی کے بعد پیش آنے والے رویے پر بات کرتے ہوئے عنایہ نے مزید کہا کہ "ایک شخص ایسا بھی تھا جو مجھے سب کے سامنے گالی دیتا تھا، لیکن وہی شخص بعد میں میرے پاس آکر بیٹھا کرتا اور میری تصویریں مانگتا تھا”۔

Shares: