پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل سیف اللہ قصوری نے کہا ہے کہ پاکستان سازشوں میں گھرا ہوا،وطن عزیز کی حفاظت و سلامتی کے لئے مرکزی مسلم لیگ کردار ادا کرتی رہے گی، اندرونی و بیرونی دشمنوں کی سازشوں سے ملک کو بچائیں گے،میڈیا کا کردار انتہائی اہم، میڈیا نوجوانوں کو مایوسیوں کی بجائے امید کی کرن دکھائے،بے روزگار نوجوانوں کے لئے اپنا کماؤ پروگرام شروع کر رہے ہیں.
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی مسلم لیگ کے سنٹرل میڈیا سیل کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں مرکزی مسلم لیگ کے جوائنٹ سیکرٹری انجینئر حارث ڈار، مرکزی ترجمان تابش قیوم،سیکرٹری جنرل لاہور مزمل اقبال ہاشمی،پنجاب و خیبر پختونخوا کے زونل میڈیا کوآرڈینٹرز، ضلعی ترجمانوں نے شرکت کی،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ ڈیجیٹل روزگار پروگرام صلاحیت بڑھاؤ "اپنا کماؤ” یکم مئی سے شروع کر رہی ہے،پروگرام کے تحت ملک بھر میں بے روزگار مردوخواتین کو ڈیجیٹل کورس کروائے جائیں گے اور انہیں ہنر مند بنایا جائے گا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں ضلع و تحصیل کی سطح پر میڈیا ورکشاپس بھی کروائی جائیں گی.
سیف اللہ قصوری نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے دشمن ملک کو غیر مستحکم کرنا اور قومی وحدت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، قیام امن کے لئے مرکزی مسلم لیگ میدان عمل میں ہے، اتحاد ویکجہتی سے ہی دشمنوں کی سازشیں ناکام بنائی جا سکتی ہیں، پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے تحفظ کے لیے مرکزی مسلم لیگ ہرممکن اقدام کرے گی، آج ملک کو جن چیلنجز کا سامنا ہے، ان سے نمٹنے کے لیے میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے، میڈیا کو چاہیے کہ وہ نوجوان نسل کو مایوسی کی بجائے امید اور حوصلے کی راہ دکھائے۔
مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم کا کہنا تھا کہ مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے نوجوانوں کے لیے "اپنا کماؤ پروگرام” شروع کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد بے روزگار نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی ہے۔ڈیجیٹل روزگار پروگرام صلاحیت بڑھاؤ "اپنا کماؤ” یکم مئی سے دس مئی تک جاری رہے گا، ملک بھر میں اس ضمن میں بے روزگار مردو خواتین کو تربیت دی جائے گی،ڈیجیٹل روزگار پروگرام نہ صرف معاشی استحکام کی طرف ایک قدم ہوگا بلکہ نوجوانوں کو خود کفالت کی راہ پر بھی گامزن کرے گا۔