اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) جمعیت علماء اسلام پی پی 250 اوچ شریف نے 27 اپریل کو مینار پاکستان لاہور میں ہونے والی عظیم الشان "یکجہتی فلسطین کانفرنس” میں بھرپور انداز میں قافلے کی صورت میں شرکت کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان جمعیت علماء اسلام پی پی 250 کے سیکرٹری جنرل مولانا محمد بابر علی صدیقی نے اپنے ایک بیان میں کیا۔

مولانا محمد بابر علی صدیقی نے کہا کہ یہ کانفرنس جمعیت علماء اسلام پنجاب کے زیرِ اہتمام منعقد کی جا رہی ہے، جس میں صوبہ بھر سے لاکھوں افراد شرکت کریں گے۔ اس موقع پر قائد جمعیت، امیر مرکزیہ جمعیت علماء اسلام پاکستان مولانا فضل الرحمٰن خصوصی خطاب کریں گے جبکہ دیگر مرکزی و صوبائی قائدین بھی شریک ہوں گے۔

مولانا بابر علی صدیقی نے فلسطینی عوام پر جاری مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے مسلم حکمرانوں کی خاموشی کو امت مسلمہ کے لیے لمحہ فکریہ قرار دیا۔ انہوں نے ان سیاسی عناصر پر سخت تنقید کی جو ماضی میں اپنی قیادت کی حمایت میں ملک اور افواج کے خلاف نکلنے کو جہاد اکبر کہتے تھے لیکن آج فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرنے سے گریزاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا یہ طرزِ عمل ان کے اسرائیل سے تعلقات کو ظاہر کرتا ہے۔

مولانا صدیقی نے مزید کہا کہ علماء کرام نے اسرائیل کے خلاف فتویٰ جہاد جاری کر رکھا ہے، لیکن بعض لوگ اپنے وقتی مفادات کی خاطر اسے نظر انداز کر رہے ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ فتح بالآخر مظلوم فلسطینیوں کی ہی ہوگی اور دنیا دیکھے گی کہ حق کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔

مولانا بابر علی صدیقی نے تمام اہل ایمان سے اپیل کی کہ وہ 27 اپریل کو مینار پاکستان لاہور میں ہونے والی اس اہم کانفرنس میں بھرپور شرکت کر کے اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کریں اور دنیا کو یہ پیغام دیں کہ امت مسلمہ آج بھی ایک جسم کی مانند متحد ہے۔

Shares: