اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان)بہاولپور کی تحصیل خیرپور ٹامیوالی کے علاقے خیرپور اڈا پر ڈکیتی کی واردات کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک مشتبہ ڈاکو ہلاک اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق پولیس اہلکار ڈکیتی کی اطلاع ملنے پر فوری طور پر خیرپور اڈا پہنچے تو وہاں موجود ڈاکوؤں نے ان پر فائر کھول دیا۔ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک گولی ڈکیتی میں ملوث شخص کو لگی، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ اس فائرنگ کے تبادلے میں ایک گولی ایک پولیس اہلکار کے پاؤں پر بھی لگی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ تاہم، پولیس پہلے ہی متوفی کی لاش کو منتقل کر رہی تھی۔ ریسکیو عملے نے فوری طور پر زخمی پولیس اہلکار محمد امین ولد محمد لقمان عمر 44 سال ساکن انیتی خیرپور ٹامیوالی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال خیرپور ٹامیوالی منتقل کر دیا۔ زخمی پولیس اہلکار کے دائیں پاؤں پر گولی لگی ہے۔
ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے اور پولیس اس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔