کینیڈا کے شہر اونٹاریو میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں بھارتی طالبہ ہرسمرت رندھاوا کو نامعلوم افراد کی فائرنگ کا نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 21 سالہ ہرسمرت رندھاوا جو کہ موہاک کالج کی طالبہ تھی، ایک بس اسٹاپ پر بس کا انتظار کر رہی تھی کہ اچانک ایک کار سوار نے فائرنگ کر دی۔واقعے کی تفصیلات میں یہ سامنے آیا کہ بھارتی قونصلیٹ کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ دو کار سواروں کے درمیان ہوا تھا۔ اس دوران ایک گولی ہرسمرت کو سینے میں لگی اور وہ زخمی ہو گئی۔ فوری طور پر اسے اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہاں پہنچنے کے بعد ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔پولیس نے اس واقعے کو "اندھی گولی” کا نتیجہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ہرسمرت رندھاوا بے گناہ راہ گیر تھی جو اس فائرنگ کا شکار ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور انہیں امید ہے کہ جلد ہی اس کی حقیقت سامنے آئے گی۔
ہرسمرت رندھاوا کی ہلاکت سے متعلق بھارتی حکومت نے کینیڈا کی حکام سے درخواست کی ہے کہ اس معاملے کی مکمل اور فوری تحقیقات کی جائیں۔ بھارتی قونصلیٹ نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مقتول طالبہ کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔