تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ)تنگوانی کے نواحی گاؤں الف خان بجارانی میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 17 سالہ لڑکی جاں بحق جبکہ اس کی 10 سالہ کزن شدید زخمی ہو گئی۔ واقعہ ڈیرہ سر کی تھانے کی حدود میں پیش آیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق، حملہ آوروں نے عبدالواحد چاچڑ کے گھر کو نشانہ بنایا اور جدید اسلحے سے فائرنگ کی، جس میں عبدالواحد کی بیٹی عزت خاتون موقع پر جاں بحق ہو گئی جبکہ اس کی کمسن کزن ثمینہ بنت محبوب چاچڑ شدید زخمی ہوئی۔ زخمی بچی اور مقتولہ کی لاش کو فوری طور پر کندکوٹ سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد گاؤں میں خوف و ہراس اور سوگ کی فضا طاری ہے، جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور نامعلوم حملہ آوروں کی تلاش کے لیے تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔








