سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( بیورو چیف شاہد ریاض)سیالکوٹ کے علاقے محلہ دارالسلام، سمبڑیال میں رات کی تاریکی میں ایک 27 سالہ نامعلوم نوجوان زیر تعمیر مکان میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔
واقعے نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔ کیا یہ نوجوان چوری کی نیت سے وہاں داخل ہوا اور اسے کرنٹ لگ گیا؟ کیا کسی نے جان بوجھ کر اسے کرنٹ لگا کر قتل کیا؟ یا یہ محض ایک حادثہ تھا؟ تاحال ان سوالات کے جوابات سامنے نہیں آسکے۔
سمبڑیال پولیس اور واپڈا کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور نعش کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے نوجوان کی شناخت اور واقعے کی نوعیت جاننے کے لیے تفتیش شروع کردی ہے، مگر ابھی تک جاں بحق ہونے والے کی شناخت نہیں ہوسکی۔
عوامی حلقوں میں واقعے پر تشویش پائی جاتی ہے اور پولیس سے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا جارہا ہے تاکہ حقیقت سامنے آسکے۔