گوجرخان (باغی ٹی وی، نامہ نگار شیخ ساجد قیوم) تھانہ مندرہ کے علاقے میں 7 سالہ کرسچن بچی کے قتل اور زیادتی کے ملزم سنیل مسیح کو پولیس حراست سے چھڑانے کی کوشش کے دوران اس کے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک کر دیا گیا۔ ملزم سنیل جو مقتولہ کا سگا ماموں تھا کو گزشتہ رات گرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم کو آلہ جرم کی برآمدگی کے لیے لے جایا جا رہا تھا جب اس کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی۔ اس فائرنگ کے دوران سنیل شدید زخمی ہوا اور ہسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا۔ فائرنگ کرنے والے ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔
تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملزم سنیل آئس کا عادی تھا اور مقتولہ کے گھر کے قریب رہتا تھا۔ اس نے ایسٹر کے روز بچی کو کھانے پینے کی اشیاء کا لالچ دے کر زیر تعمیر عمارت میں لے گیا، جہاں اس نے زیادتی کی کوشش کی۔ بچی کے شور مچانے پر ملزم نے قینچی سے اس کا گلا کاٹا، سر پر اینٹ سے وار کیا، اور گلا گھونٹ کر قتل کر دیا۔ سفاک ملزم نے قتل کے بعد بھی بچی سے زیادتی کی۔
واردات کے بعد ملزم گھر واپس آیا اور فیملی کے ساتھ بچی کی تلاش میں ملوث رہا۔ اس کی مشکوک حرکات پر پولیس نے تفتیش کی تو ملزم نے جرم کا اعتراف کر لیا۔
سی پی او سید خالد ہمدانی نے ملزم کی 24 گھنٹوں میں گرفتاری اور فائرنگ کے باوجود بہادری سے فرض کی ادائیگی پر اے ایس پی گوجرخان اور مندرہ پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچے ریڈ لائن ہیں اور ان کے خلاف جرائم ناقابل برداشت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث ملزمان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ملزم کے ساتھیوں کی فائرنگ سے زیر حراست ملزم ہلاک ہوا اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔