میرپورماتھیلو،باغی ٹی وی (نامہ نگارمشتاق لغاری) ڈی آئی جی سکھر کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ نے گزشتہ رات کشمور کے گاؤں نائیچ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے ایس ایچ او کشمور انسپکٹر زیاد نوناری اور دیگر اہلکاروں کی ضیاء الدین ہاسپٹل سکھر میں عیادت کی۔ ان کے ہمراہ ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل اور ڈپٹی کمشنر سکھر ایم بی دھاریجو بھی موجود تھے۔
ڈی آئی جی سکھر نے زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی اور ویلفیئر انچارج کو ان کی فیملیز کے ساتھ مکمل رابطے میں رہنے کا حکم دیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں ڈاکوؤں سے بہادری سے لڑنے والے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ان کے ساتھ کھڑی ہے اور واقعے میں ملوث ڈاکوؤں کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔