اوکاڑہ (نامہ نگارملک ظفر) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صحت دشمن عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے بڑی کارروائی کی ہے۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے فیصل آباد روڈ پر واقع گلریز کالونی میں ایک جعلی مصالحے تیار کرنے والے یونٹ پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران 200 کلوگرام غیر معیاری مصالحے، 66 کلوگرام جعلی پیکنگ کا مواد اور 46 کلوگرام مضر صحت سرکہ برآمد کیا گیا۔
فوڈ سیفٹی ٹیم کے مطابق اس یونٹ میں مختلف معروف برانڈز کے نام سے جعلی مصالحے پیک کیے جا رہے تھے۔ انسپکشن کے دوران سرخ مرچیں، ہلدی پاؤڈر اور نمک سمیت دیگر مصالحہ جات برآمد ہوئے جنہیں مختلف کمپنیوں کے لیبل لگا کر مارکیٹ میں فروخت کیا جانا تھا۔
فوری کارروائی کرتے ہوئے فوڈ سیفٹی ٹیم نے تمام پیک شدہ اور کھلا غیر معیاری سامان ضبط کر لیا اور یونٹ میں مصالحے پیسنے والی مشینری کی پروڈکشن بھی بند کروا دی گئی۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جعلی مصالحے تیار کرنے والے یونٹ کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا ہے۔
اس موقع پر فوڈ سیفٹی ٹیم کے افسران نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی شہریوں کی صحت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور جعلی سازی کرنے والوں کے تمام حربے ناکام بنائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی کو بھی عوام کی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔