وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مصدقہ اطلاع ملی ہے کہ بھارت کالعدم ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کو پاکستان میں دہشت گردی کے لیے مسلح کررہا ہے۔
جیونیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت کالعدم تحریک طالبان پاکستان اورکالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے )کو پاکستان میں دہشت گردی کے لیے مسلح کررہا ہے تاکہ پنجاب اور سندھ سمیت پورے پاکستان میں دہشت گردی کی لہر پھیل جائے،پہلگام حملے میں جس تنظیم کا نام لیا جارہا ہےاسے کوئی جانتا بھی نہیں۔ پلواما اور سکھوں کے قتل میں بھی ایسی ہی ڈمی تنظیموں کے نام لیے گئے،یہ بھارت کے انٹیلی جنس اہل کار ہیں جو قتل عام کر رہے ہیں، ہم کراچی سے گلگت تک ہائی الرٹ رہیں گے۔
علاوہ ازیں وزیردفاع خواجہ آصف نے برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت کے کسی بھی حملے کا منہ توڑ جواب دے گا، دنیا کو دونوں جوہری ملکوں کے درمیان کشیدگی پر فکر مند ہونا چاہیے، بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا، دونوں ملکوں کے درمیان تصادم کے تباہ کن نتائج برآمد ہوں گے۔








