سیالکوٹ،باغی ٹی وی( سٹی رپورٹر مدثر رتو) ریسکیو 1122 سیالکوٹ اور عمران ادریس ٹیچنگ ہسپتال کے درمیان باہمی تعاون کی یادداشت پر دستخط کی تقریب ڈسکہ روڈ پر واقع ہسپتال میں منعقد ہوئی۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیر کے وژن "سیفر کمیونٹی” کے تحت، ریجنل ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر فواد شہزاد مرزا کی نگرانی میں معاہدے پر دستخط کیے۔ تقریب میں عمران ادریس گروپ کے چئیرمین ڈاکٹر عمران ادریس، سی ای او ڈاکٹر جاوید، ایم ایس ڈاکٹر منیم، ڈائریکٹر لائف سیونگ ونگ ڈاکٹر محمد ادریس، ایمرجنسی آفیسر عرفان یعقوب، تحصیل انچارج سیالکوٹ محمد رضا، کمیونٹی ونگ انچارج محمد وسیم، ڈپٹی ڈائریکٹر عدیل انجم، DDMC سیالکوٹ کیوان حسن، اور ریسکیو سکاؤٹس ہنزلہ شریک ہوئے۔
انجینئر نوید اقبال نے بتایا کہ اس معاہدے کے تحت ریسکیو 1122 اور عمران ادریس ہسپتال مل کر سکولز، کالجز کے طلبہ و طالبات اور کمیونٹی کو زندگی بچانے کی تربیت دیں گے تاکہ وہ ہنگامی حالات میں قیمتی جانیں بچا سکیں۔ ہسپتال انتظامیہ ریسکیو 1122 کو AED پیڈ فراہم کرے گی اور ریسکیورز کو American Heart Association کے تحت CPR کی تربیت بھی دی جائے گی۔
ڈاکٹر عمران ادریس نے کہا کہ ریسکیو 1122 ایک قابلِ تحسین ادارہ ہے جو دن رات عوام کی خدمت میں مصروف ہے۔ انہوں نے اسے فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ادارے مل کر معاشرے میں جان بچانے کی تربیت کو فروغ دیں گے، جو ہر شہری کے لیے لازمی ہے۔ انہوں نے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔







