اوچ شریف،باغی ٹی وی( نامہ نگار حبیب خان) خیرپور ڈاہا میں جمعیت علماء اسلام کے زیرِ اہتمام فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف ایک پرامن احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

ریلی کی قیادت مولانا نذیر احمد وارن اور مولانا حفیظ الرحمن ساقی نے کی۔ کاظمی چوک سے شروع ہونے والی ریلی خالد بن ولید چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر فلسطینیوں کی حمایت میں نعرے درج تھے۔ انہوں نے "فلسطین زندہ باد”، "اسرائیل مردہ باد”، اور "ہم سب فلسطینی ہیں” کے نعرے لگائے۔

علما، تاجر، طلبہ، بزرگ، خواتین سمیت ہر طبقے سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، جو فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا واضح پیغام تھا۔ اختتام پر قائدین نے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ، اسلامی ممالک، اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اسرائیلی جارحیت کا نوٹس لینے اور فلسطینیوں کو ان کا حق دلانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے امت مسلمہ سے متحد ہو کر آواز اٹھانے کی اپیل کی۔

ریلی پرامن طور پر ختم ہوئی، اور شرکاء نے فلسطین کی آزادی تک حمایت جاری رکھنے کا عزم کیا۔

Shares: