اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) بہاولپور کے علاقے اختر کالونی، بغداد اسٹیشن کے قریب ایک دلخراش واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک بے رحم سابق شوہر نے اپنی 25 سالہ سابقہ اہلیہ پر فائرنگ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق رمضان کی دختر کرن کو اس کے سابق شوہر نے سینے پر گولی ماری اور موقع سے فرار ہو گیا۔ اس افسوسناک واقعے کے بعد علاقے کے شہریوں نے فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی۔

ریسکیو 1122 کی ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر فوری کارروائی عمل میں لائی اور ون یونٹ چوک کے قریب لواحقین کی گاڑی سے زخمی خاتون کو ریسکیو کیا۔ ریسکیو عملہ نے فوری طور پر طبی امداد فراہم کرتے ہوئے زخمی کرن کو بہاول وکٹوریہ ہسپتال (بی وی ایچ) منتقل کیا، جہاں ڈاکٹرز اسے زندگی بچانے کے لیے انتہائی نگہداشت فراہم کر رہے ہیں۔

زخمی خاتون کی شناخت 25 سالہ کرن دختر رمضان کے نام سے ہوئی ہے جو اختر کالونی بہاولپور کی رہائشی بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لے کر ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ اس افسوسناک واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے اور خواتین کے تحفظ کے حوالے سے سوالات اٹھا دیے ہیں۔

Shares: