وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر آئی-8/3 میں واقع معروف کچنار پارک میں ایک جواں سالہ لڑکی کی رات کے اوقات میں مشکوک حرکات نے مقامی آبادی کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ لڑکی کئی روز سے روزانہ رات تین سے چار بجے کے درمیان پارک میں تنہا موجود ہوتی ہے، جہاں وہ آگ جلا کر اونچی آواز میں بولتی اور چیختی چلاتی ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق یہ واقعہ صرف ایک رات کا نہیں بلکہ یہ سلسلہ کئی دنوں سے جاری ہے۔ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ لڑکی کی یہ حرکات نہ صرف خوف و ہراس کا باعث بن رہی ہیں بلکہ بچوں اور بزرگوں کی نیندیں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ کئی مرتبہ پولیس کو بھی اطلاع دی گئی، مگر شہریوں کے بقول تاحال کوئی واضح کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی۔معلومات کے مطابق مذکورہ خاتون پہلے ایک قریبی گیسٹ ہاؤس میں مقیم تھی، جہاں سے اسے غیر معمولی رویے کی بنا پر نکالا گیا، جس کے بعد اس نے پارک میں رہائش اختیار کر لی ہے۔ کچھ افراد کا ماننا ہے کہ وہ ممکنہ طور پر ذہنی دباؤ یا کسی نفسیاتی مسئلے سے دوچار ہے، جب کہ کچھ اسے عملیات یا روحانی مشقوں سے بھی جوڑ رہے ہیں۔

سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ بجائے اس کے کہ اسے صرف "خوف پھیلانے والی” یا "مشکوک” کہا جائے، متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ وہ اس خاتون کی ذہنی اور جسمانی حالت کا جائزہ لیں، اور اگر وہ کسی مدد کی محتاج ہے تو اسے مناسب فلاحی ادارے کے حوالے کیا جائے۔علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے، تاکہ نہ صرف شہریوں کے خدشات دور ہوں بلکہ اگر مذکورہ خاتون واقعی کسی ذہنی دباؤ یا مجبوری کا شکار ہے تو اسے مناسب مدد فراہم کی جا سکے۔

Shares: