راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 3 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔
سماعت کے دوران عمر ایوب، شیخ رشید، راشد شفیق اور عالیہ حمزہ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالتی عملے نے ملزمان کی حاضری لگائی اور انہیں جانے کی اجازت دے دی ،دورانِ سماعت وکلاء صفائی اور پراسیکیوٹر ظہیر شاہ بھی عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے مقدمے میں دو اہم گواہان، مجسٹریٹ مجتبیٰ اور سب انسپکٹر ریاض کو بھی طلب کر رکھا تھا، تاہم کارروائی نہ ہونے کے باعث گواہان کے بیانات قلمبند نہ ہو سکے،ملزمان پر اہم سرکاری تنصیبات پر حملے، توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے الزامات عائد ہیں۔ کیس کی مزید سماعت اب 3 مئی کو ہوگی۔
واضح رہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد نومئی کو پی ٹی آئی شرپسندوں نے جی ایچ کیو سمیت ملک بھر میں عسکری مقامات، شہدا کی یادگاروں کو نشانہ بنایا تھا اور توڑ پھوڑ کی تھی