شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے قریب حسن خیل کے نواحی علاقوں میں سویپنگ اور کلیئرنس آپریشن کے دوران مزید 17 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ کارروائی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج بھارتی آقاؤں کے اشارے پر دہشت گردی کی منصوبہ بندی اور کارروائیوں میں مصروف تھے۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کر لیا ہے، جس سے ایک بڑی تباہی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان میں گزشتہ تین دن سے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے، جس میں اب تک مجموعی طور پر 71 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔ صرف گزشتہ روز کی کارروائی میں سکیورٹی فورسز نے 54 خوارج کو ہلاک کیا تھا، جب کہ حالیہ آپریشن اسی سلسلے کا فالو اپ تھا۔آئی ایس پی آر کے ماطقب علاقے میں مزید سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے دہشت گرد کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔ آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان کی سرزمین پر دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا اور ہر قیمت پر امن قائم رکھا جائے گا۔