لاہور – شہر کے معروف تعلیمی ادارے کنیئرڈ کالج فار ویمن میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں کمپیوٹر سائنس کی 21 سالہ طالبہ بالکونی سے گر کر جاں بحق ہوگئی۔ یہ واقعہ ادارے کی دوسری منزل پر پیش آیا، جس کے بعد کالج میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق، اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور زخمی طالبہ کو اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی گئی، مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق طالبہ کو اچانک چکر آ گئے تھے جس کی وجہ سے وہ توازن برقرار نہ رکھ سکی اور بالکونی سے نیچے جا گری۔ متوفیہ کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، تاہم یہ تصدیق ہوئی ہے کہ وہ کمپیوٹر سائنس کی طالبہ تھی اور کچھ عرصے سے بیماری کا شکار تھی۔اہل خانہ کے مطابق، لڑکی کو اکثر دورے پڑتے تھے اور وہ علاج کے مراحل سے گزر رہی تھی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اس واقعے کو ایک حادثہ تصور کرتے ہیں اور کسی قسم کی قانونی کارروائی نہیں چاہتے۔

پولیس نے واقعے کی نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیس کو "حادثاتی موت” قرار دیا ہے، تاہم ضابطے کی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔

Shares: