سیالکوٹ (بیوروچیف باغی ٹی وی، شاہد ریاض)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صباء اصغر علی نے گوجرانوالہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے زیر اہتمام سیکنڈ ایئر کے امتحانی مرکز کا اچانک دورہ کیا۔ یہ دورہ گورنمنٹ خواجہ صفدر گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول سیالکوٹ میں قائم امتحانی مرکز پر کیا گیا، جہاں اس وقت انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات جاری ہیں۔

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے امتحانی عملے کی حاضری، امتحانی نظم و ضبط اور طلبہ کو فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے امتحانی عملے کو ہدایت کی کہ تمام نگران و عملہ صبح 8 بجے سے قبل لازماً امتحانی مرکز پر موجود ہو، بصورت دیگر تاخیر کرنے والے ذمہ داران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

صباء اصغر علی نے واضح الفاظ میں کہا کہ شفاف، منظم اور پر امن امتحانات کا انعقاد ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور اس عمل میں کسی قسم کی غفلت، لاپروائی یا بدانتظامی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے امتحانی ماحول کو پرسکون اور نقل سے پاک رکھنے کی بھی ہدایت دی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام امتحانی مراکز کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے تاکہ طلبہ کو صاف اور منصفانہ امتحانی ماحول فراہم کیا جا سکے۔

Shares: