پیر عادل ،باغی ٹی وی( نامہ نگار باسط علی)علاقہ پیر عادل اور دربارِ عالیہ حضرت سلطان سید غیاث الدین عرف "پیر عادل سرکار” کے عقیدت مندوں کے لیے بڑی خوشخبری آ گئی ہے۔ دربار کی مرمت کا دیرینہ اور اہم مسئلہ بالآخر حل کے قریب پہنچ گیا ہے۔ سجادہ نشین دربار سید نادر امام کاظمی اور سید شہریار عباس کاظمی کی مسلسل کوششیں رنگ لے آئیں، جن کی جانب سے بار بار توجہ دلانے پر محکمہ اوقاف نے پیش رفت کرتے ہوئے اپنا افسر بھیج دیا، جس نے مرمتی کام جلد شروع کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ذرائع کے مطابق دربار کی مرمت کے حوالے سے تمام محکمانہ اور کاغذی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں اور اب جلد ہی عملی کام کا آغاز متوقع ہے۔ اس موقع پر کاظمی سادات برادری نے قومی اسمبلی کے رکن ایم این اے سردار عبدالقادر خان کھوسہ اور صوبائی اسمبلی کے رکن ایم پی اے سردار صلاح الدین خان کھوسہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے دربار کی تاریخی و ثقافتی اہمیت کو سمجھتے ہوئے چیئرمین یونین کونسل پیرعادل کی درخواست پر نہ صرف دربار کا دورہ کیا بلکہ محکمہ اوقاف کے اعلیٰ حکام پر دباؤ ڈالا کہ دربار کی مرمت کو اولین ترجیح دی جائے۔

سید نادر امام کاظمی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ دربار نہ صرف اہلِ علاقہ کے لیے روحانی مرکز کی حیثیت رکھتا ہے بلکہ یہ خطے کا قیمتی ثقافتی ورثہ بھی ہے۔ ہم پر امید ہیں کہ دربار کاسرکار کے سالانہ عرس و میلہ سے قبل تمام مرمتی کام مکمل کر لیا جائے گا تاکہ زائرین کو سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے۔

Shares: