ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر، جواد اکبر)ڈیرہ غازی خان کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل و ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کی ہدایت پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تجاوزات کے خلاف مؤثر حکمتِ عملی ترتیب دی گئی۔
اجلاس کی صدارت چیف آفیسر ضلع کونسل جواد الحسن گوندل نے کی۔ اجلاس میں شہر میں بڑھتی ہوئی تجاوزات، ان کے منفی اثرات اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں یہ طے کیا گیا کہ ایک مربوط اور منظم آپریشن پلان کے تحت شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ اجلاس حکومتِ پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں منعقد ہوا، جس میں ٹیم ایم این ایس کی معاونت بھی شامل رہی۔ حکام کے مطابق اس پلان کا مقصد نہ صرف شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنا ہے بلکہ شہر کی خوبصورتی اور ٹریفک نظام کو بھی بہتر بنانا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز اور سخت کارروائی کی جائے گی اور کسی قسم کا دباؤ برداشت نہیں کیا جائے گا۔